پاکستانی بس مارکیٹ میں پرتعیش گولڈن ڈریگن نیوی گیٹر سیریز کا آغاز کر دیا گیا،دوران سفرمسافروں کو حیرت انگیز سہولیات حاصل ہوں گی

لاہور ( این این آئی)پریموال (پرائیویٹ) لمیٹڈ (وی پی ایل لمیٹڈ کا ذیلی ادارہ) نے ملک بھر میں منعقدہ ایونٹس کے دوران پاکستان کی جدید بس مارکیٹ کے لئے گولڈن ڈریگن نیوی گیٹر سیریز کا آغاز کر دیا ہے۔ اس ضمن میں لاہور کے فلیٹیز ہوٹل میں رواں ہفتہ کے آغاز میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں تمام بڑے ٹرانسپورٹرز، شراکت دار بینکوں اور کمپنی کی انتظامیہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر صارفین نے بس کے شاندار انٹیریئر اور جدید ڈیزائن کو سراہا۔ پریموال ٹیم نے بس کے خصوصیات کی وضاحت کی

جو مارکیٹ میں دستیاب دیگر بسوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہیں۔ نیوی گیٹر کا دلکش ڈیزائن اس کے مستقبل کا احساس دلاتا ہے۔ یہ بس گولڈن ڈریگن کے اعلیٰ معیارات اور پاکستان کی جدید بس مارکیٹ میں فلیگ شپ گاڑی کے طور پر تیار کی گئی ہے۔ بس کے اندر مسافروں کی جگہ پر ریڈنگ لائٹس بیزل کے ساتھ لطیف روشنی کا انتظام کیا گیا ہے جو تین جہتوں پر مشتمل روف بورڈ پر روشن ہوتی ہیں جن سے بس کی افادیت اور خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے۔ لیدر کے ساتھ انتہائی آرام دہ مسافر نشستیں بہتر طریقے سے نصب کی گئی ہیں جو مسافروں کو آرام دہ سفر اور ٹانگوں کیلئے کافی گنجائش فراہم کرتی ہیں۔ مسافر نشستوں پر موبائل چارجنگ، کولنگ اور ہیٹنگ نظام، فلمیں دیکھنے کیلئے ذاتی سکرین اور دیگر تفریحی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ نیوی گیٹر میں 380 ہارس پاور Yuchai 10.5 یورو III ڈیزل انجن فراہم کیا گیا ہے جو ZF گیئر باکس کے ساتھ منسلک ہے۔ یہ بس خصوصی طور پر انتہائی پائیداری، شاندار ڈرائیونگ اور کم ایندھن کے استعمال کیلئے تیار کی گئی ہے۔ بس کی لمبائی 12.7 میٹر ہے جس میں مسافروں کی آسانی اور آپریٹرزکو زائد آمدنی کیلئے 45 نشستیں نصب کی گئی ہیں جن کے درمیان ٹانگوں کے لئے زائد جگہ بھی فراہم کی گئی ہے۔ اس موقع پر پریموال کے سی ای او وقار اصغر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ دنیا کے معروف مینوفیکچررز

اور برانڈز کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے جدید ترین بسیں فراہم کی جائیں۔ پریموال میں ہم اپنے صارفین کی ضروریات کو سمجھتے ہیں اور ہم پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ معیاری مصنوعات کی فراہمی کیلئے اپنے شراکت داروں کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ ہماری کوشش رہتی ہے کہ ہم اپنے صارفین کے کاروبار کو پرکشش بنائیں اور اس عمل کو جاری رکھیں۔ یہ نقطہ نظر ہمیں پاکستان بھر میں
اپنے صارفین کیلئے ترجیحی شراکت دار بناتا ہے۔ گولڈن ڈریگن چین کی کوچ انڈسٹری بالخصوص درمیانے، بڑے سائز کی پرتعیش بسوں اور لائٹ وینز کی فروخت، تیاری اور ڈویلپنگ میں کام کرنے والے اہم اداروں میں شامل ہے۔ پریموال (پرائیویٹ) لمیٹڈ وی پی ایل لمیٹڈ کا ذیلی ادارہ ہے اور یہ پاکستان میں گولڈن ڈریگن کا خصوصی ڈسٹری بیوٹر ہے۔
یہ خبر جس ویب سائٹ سے لی گئی ہے اس کا لنک یہاں ہے. شکریہ

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *